ایران نے کہا ہے کہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں شرکت کا کوئی منصوبہ نہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران کی جانب سے مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں شرکت کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اس بارے میں پاکستان کو بتا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے حالیہ اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں۔ ان کے مطابق امریکہ نے حال ہی میں ایران کے خلاف جارحانہ اقدامات کیے ہیں اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔
اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا کہ امریکہ اپنے تجربات سے کوئی سبق نہیں سیکھ رہا اور اس کا طرزِ عمل کسی مثبت نتیجے تک نہیں پہنچ سکتا۔ ان کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے ہی امریکہ نے اس کی خلاف ورزی کی ہے، اور ایران نے اس معاملے سے پاکستان کو بھی آگاہ کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے بحری ناکہ بندی عائد کرنا بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے، جبکہ واشنگٹن مسلسل ایران پر الزام تراشی کر رہا ہے جو کہ ایک پرانا طریقہ کار ہے۔
اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ تصادم کو روکنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی امن برقرار رکھنے کے لیے مذاکرات اور تعاون انتہائی ضروری ہے۔